لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کم عمر ڈرائیور کی غفلت نے ایک قیمتی جان لے لی اور دو افراد کو زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق حاشر نامی لڑکا، جو عمر میں نابالغ ہے، اپنے مالک مکان کی گاڑی لے کر باہر نکلا اور بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سوار تین بھائیوں کو ٹکر مار دی۔
حادثے کے نتیجے میں امین نامی نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کے دو بھائی فرید اور عمران شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے حاشر کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق حاشر نے وہ گاڑی استعمال کی جو ایک نجی میڈیسن کمپنی کی ملکیت ہے اور خرم نامی شہری کے زیر استعمال تھی۔ پولیس کے مطابق خرم کو بھی شاملِ تفتیش کیا جائے گا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ گاڑی حاشر کے ہاتھ کیسے لگی۔
ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق واقعے کا باقاعدہ مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ آیا مالک مکان اور گاڑی کے اصل استعمال کنندہ کی طرف سے کوئی غفلت تو نہیں ہوئی۔









