لاہور (ایم وائے کے نیوز) — پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ نے بھارتی ملٹری سیٹلائٹ کے سگنلز کو جام کر کے ایک بڑی تکنیکی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فضائیہ کی اس کارروائی کے بعد بھارتی ملٹری سیٹلائٹ مؤثر طور پر کام نہیں کر پا رہا، جس سے بھارت کی مواصلاتی اور نگرانی کی صلاحیت کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ اقدام بھارت کی جانب سے جاری فضائی اور زمینی جارحیت کے جواب میں کیے گئے بڑے پیمانے کے دفاعی آپریشن "بُنْيَانُ الْمَرْصُوص” (آہنی دیوار) کا حصہ ہے، جس کا آغاز آج علی الصبح کیا گیا۔ اس آپریشن کے تحت پاکستان نے بھارت کے متعدد اہم فوجی مقامات کو نشانہ بنایا جن میں ادھم پور، آدم پور، پٹھان کوٹ اور سرسہ کے ایئر بیسز شامل ہیں۔ ان میں سے کئی ائیر فیلڈز کو مکمل یا جزوی طور پر ناکارہ کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی فضائی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ سائبر محاذ پر بھی مؤثر پیش رفت کی گئی ہے۔ پاکستانی سائبر سیکیورٹی یونٹس نے بھارت کی مہاراشٹرا اسٹیٹ الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن کمپنی لمیٹڈ پر کامیاب سائبر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ریاست بھر میں بجلی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق، اس حملے میں کمرشل اور گھریلو صارفین کے تمام میٹر ڈیٹا بیس کا ریکارڈ بھی مٹا دیا گیا۔
عسکری ذرائع کے مطابق، راجوڑی میں موجود بھارتی ملٹری انٹیلیجنس کا تربیتی مرکز بھی تباہ کر دیا گیا ہے، جو مبینہ طور پر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی حالیہ جوابی کارروائیاں نہ صرف عسکری سطح پر مؤثر رہی ہیں بلکہ تکنیکی اور سائبر جنگ کے میدان میں بھی بھارت کو شدید نقصان کا سامنا ہے۔ اس صورتحال کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، جب کہ عالمی برادری کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔