اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کے تحت کالعدم تنظیم قرار دینے کی منظوری دے دی ہے۔
جمعرات کے روز جاری ہونے والے سرکاری اعلامیے کے مطابق، وزارتِ داخلہ نے یہ سمری پنجاب حکومت کی سفارش پر کابینہ کے اجلاس میں پیش کی۔ اجلاس میں تنظیم کی گزشتہ برسوں کی پرتشدد سرگرمیوں اور دہشت گردی سے متعلق تفصیلی رپورٹ کابینہ کو پیش کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق، حکومتِ پنجاب کے اعلیٰ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور بتایا کہ 2016 میں قائم ہونے والی اس تنظیم نے ملک کے مختلف حصوں میں پرتشدد احتجاج، دھرنے، سڑکوں کی بندش اور اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعے جانی و مالی نقصان پہنچایا۔
کابینہ کو یاد دہانی کرائی گئی کہ 2021 میں اس وقت کی حکومت نے بھی ٹی ایل پی پر پابندی عائد کی تھی، تاہم یہ پابندی چھ ماہ بعد اس شرط پر ختم کر دی گئی تھی کہ تنظیم آئندہ کسی بھی پرتشدد کارروائی یا بدامنی میں ملوث نہیں ہوگی۔
تاہم، رپورٹ کے مطابق تنظیم نے اپنی دی گئی تحریری ضمانتوں پر عمل نہیں کیا اور متعدد بار پبلک آرڈر کی خلاف ورزی کی۔
وفاقی کابینہ نے طویل غور و خوض کے بعد اس نتیجے پر اتفاق کیا کہ ٹی ایل پی کی سرگرمیاں انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کی دفعات کے زمرے میں آتی ہیں، لہٰذا تنظیم کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام عوامی تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب کابینہ نے ٹی ایل پی پر پابندی عائد کرنے کی سفارش وفاقی حکومت کو ارسال کی تھی، جسے اب وفاقی کابینہ نے منظور کر لیا ہے۔
چند ہفتے قبل تحریک لبیک نے لاہور سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔
تاہم مریدکے کے مقام پر پولیس اور انتظامیہ کی کارروائی کے بعد مارچ کے شرکاء کو منتشر کر دیا گیا۔
اس دوران جھڑپوں میں متعدد اہلکار زخمی ہوئے اور کئی مظاہرین کو حراست میں لیا گیا۔
پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے جمعرات کے روز پریس کانفرنس میں کہا کہ
“رضوی برادران کی گرفتاری انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور وہ جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے تنظیم کے خلاف واضح ایکشن لیا ہے کیونکہ اس کی سرگرمیوں سے امن عامہ کو خطرہ لاحق تھا۔
ان کے مطابق، حالیہ واقعات میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ اور تحریک کے قبضے سے گیس گنز اور گاڑیاں برآمد ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹی ایل پی کے 161 کارکن جیلوں میں قید ہیں جبکہ 190 افراد جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔
گاڑیوں کی تعداد میں 770 فیصد سے زائد اضافہ، فضائی آلودگی سنگین ہوگئی اسلام آباد: پاکستان میں گاڑیوں کی تعداد…
سوات میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک سوات: محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور…
پشاور میں اسکول منہدم، مالک نے حادثے کی وجہ بارشیں قرار دے دی پشاور: منہدم ہونے والے نجی اسکول کے…
خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کی توثیق ایوان کا اختیار ہے: اعظم نذیر تارڑ اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون…
خیبرپختونخوا کے محکمہ معدنیات میں 16 ارب 94 کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں اسلام آباد: آڈیٹر جنرل پاکستان کی آڈٹ…
لاہور کے اقبال ٹاؤن میں آوارہ کتے نے حملہ کرکے میو اسپتال کے ڈاکٹر نعمان کو زخمی کردیا۔ ترجمان…