گوگل نے پاکستان کے یومِ آزادی پر خصوصی ڈوڈل پیش کردیا
پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر سرچ انجن گوگل بھی پاکستانیوں کی خوشیوں میں شریک ہوگیا۔ گوگل نے یومِ آزادی کی مناسبت سے اپنے ڈوڈل کو سبز ہلالی پرچم اور خوبصورت بادلوں کے پس منظر سے سجایا ہے۔
گوگل اہم قومی دنوں، تاریخی مواقع اور معروف شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے اکثر اپنے ڈوڈل میں تبدیلی کرتا ہے۔ پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر بھی گوگل کے مرکزی صفحے پر خصوصی ڈوڈل نمایاں ہے۔
ڈوڈل میں سبز ہلالی پرچم لہراتا ہوا دکھائی دیتا ہے، جبکہ پس منظر میں بادل اور گوگل کے حروف اسے مزید خوبصورت بناتے ہیں۔ صارفین گوگل کا مرکزی صفحہ کھولتے ہی یہ خصوصی ڈوڈل دیکھ سکتے ہیں اور اس پر کلک کرنے سے پاکستان کے یومِ آزادی سے متعلق مزید معلومات تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ گوگل اس سے قبل بھی پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی ڈوڈلز پیش کرتا رہا ہے، جن میں ملک کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کو بھی نمایاں کیا جاتا رہا ہے۔













