اسلام آباد: اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور اور چینی سفیر کی الگ الگ ملاقاتیں
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نتالی اے بیکر اور چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزارت خارجہ میں اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے واقعے میں چینی کوہ پیما کی المناک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے چینی سفیر کو یقین دلایا کہ جاں بحق کوہ پیما کی میت چین منتقل کرنے کے عمل میں پاکستان ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ چینی سفیر نے حادثے کے بعد پاکستانی حکام کی جانب سے فوری امداد اور تعاون کو سراہا۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔ چینی سفیر نے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی عوام اور قیادت کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے قریبی اور آزمودہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب امریکی ناظم الامور نتالی اے بیکر نے بھی اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون اور خطے کی حالیہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پائیدار امن کے حصول کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ 18 جون کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر اس کی روح اور منشا کے مطابق عمل درآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے پُرعزم ہے۔
امریکی ناظم الامور نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور یومِ آزادی کے موقع پر اسحاق ڈار کو مبارکباد بھی پیش کی۔
ملاقاتوں میں علاقائی امن و استحکام اور تازہ پیش رفت نمایاں موضوعات رہے، جبکہ پاکستان نے امریکا اور چین کے ساتھ سفارتی روابط اور باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے امتحانات میں خراب نتائج پر اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلیٰ…
پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کے سینئر افسران نے مجوزہ پولیس ایکٹ 2026 میں اختیارات کی تقسیم سے متعلق تحفظات کا اظہار…
کراچی: جدہ ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے میں انجن نمبر 2 میں آگ لگنے کی اطلاع پر مسافروں…
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے…
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دورہ لندن کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات ادا کر دیے۔ ذرائع…
بلوچستان کے ضلع آواران میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان…