ریاض سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں مسافر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا، جس کے باعث طیارے نے ملتان ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
ترجمان کے مطابق ریاض سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں ایک مسافر کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی۔ مسافر کو پاکستانی فضائی حدود میں کوئٹہ کے قریب دل کا دورہ پڑا۔
مسافر کی طبیعت بگڑنے کی اطلاع ملتے ہی پائلٹ نے پرواز کا رخ موڑ دیا اور ملتان ایئرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی۔
ایئرپورٹ پر موجود میڈیکل ٹیم نے طیارے میں مسافر کا فوری معائنہ کیا، تاہم ڈاکٹرز کے مطابق 47 سالہ مسافر محمد صادق خان پرواز کے دوران ہی انتقال کرچکے تھے۔ ڈاکٹرز نے موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی۔
ترجمان کے مطابق مسافر کی میت لواحقین کے حوالے کردی گئی، جبکہ میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کے باعث پرواز کو تقریباً ڈھائی گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔












