اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا۔
یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج سری نگر میں داخل ہوئی، تقریباً 8 دہائیاں گزرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر آج بھی حل طلب ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے حل کی بنیاد ہیں۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد انصاف، امن اور حقِ خودارادیت کے لیے ہے، جبکہ 5 اگست 2019 کے اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی توجہ میں اضافہ ہوا ہے۔
اسحاق ڈار نے مقبوضہ کشمیر میں سیاسی رہنماؤں کی حراست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی صورتحال پر عالمی برادری کی مسلسل توجہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی امنگوں کو طاقت اور جبر کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا، عالمی برادری کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے مؤثر عالمی کوششیں ناگزیر ہیں، پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ہر عالمی فورم پر ان کی آواز بلند کرتا رہے گا۔













