(ایم وائے کے نیوز) گوگل کی جانب سے جی میل صارفین کے لیے ایک نہایت کارآمد اور وقت کی ضرورت کے مطابق نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے، جو ان کے ایک بڑے مسئلے کا آسان حل فراہم کرے گا۔
اس نئے فیچر کا نام "مینج سبسکرپشنز” رکھا گیا ہے، جو جی میل کے ویب ورژن کے ساتھ ساتھ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس پر بھی دستیاب ہے۔ اس فیچر کی بدولت صارفین کو اپنی ای میل سبسکرپشنز کو منظم کرنے اور غیر ضروری ای میلز سے نجات حاصل کرنے میں آسانی میسر آئے گی۔
پہلے اگر کسی صارف کو کسی نیوز لیٹر یا اشتہاری ای میل سے ان سبسکرائب کرنا ہوتا تھا، تو اسے ہر ای میل الگ سے کھولنی پڑتی تھی اور پھر اوپر موجود ان سبسکرائب بٹن پر کلک کرنا پڑتا تھا، جو نہ صرف وقت طلب عمل تھا بلکہ کئی بار صارفین کو الجھن میں بھی ڈال دیتا تھا۔ اب یہ سارا عمل نہایت سہل بنا دیا گیا ہے۔ جی میل میں سائیڈ بار کے اندر ایک نیا سیکشن شامل کیا گیا ہے جسے "Manage Subscriptions” کا نام دیا گیا ہے۔ اس سیکشن میں تمام وہ ای میل ایڈریسز دکھائے جائیں گے جن سے صارف نے سبسکرپشن حاصل کر رکھی ہوگی، اور ہر ایڈریس کے ساتھ ایک ان سبسکرائب بٹن بھی موجود ہوگا۔ اس کے علاوہ صارف یہ بھی جان سکے گا کہ کون سا ای میل ایڈریس سب سے زیادہ نیوز لیٹرز بھیج رہا ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنا بھی نہایت آسان ہے۔ اگر صارف ویب پر جی میل استعمال کر رہا ہے تو سائیڈ بار میں موجود "More” بٹن پر کلک کرکے نیچے اسکرول کرنے پر "Manage Subscriptions” کا آپشن نظر آئے گا۔ اسی طرح، اگر صارف اینڈرائیڈ یا آئی او ایس ایپ استعمال کر رہا ہو تو ایپ کے بائیں جانب موجود مینیو بٹن پر کلک کرکے نیچے اسکرول کرنے سے یہ سیکشن ظاہر ہو جائے گا جو ٹریش فولڈر کے نیچے ہوگا۔