فلوریڈا (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) — امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک ناقابل یقین واقعہ پیش آیا جہاں 15 سالہ لڑکی سمر ہینوٹ نے ایک 10 فٹ لمبے مگرمچھ کے حملے سے نہ صرف جان بچائی بلکہ اپنی حاضر دماغی سے اسے شکست بھی دی۔
تفصیلات کے مطابق سمر ہینوٹ پونڈ کریک نامی ایک تالاب میں تیراکی کر رہی تھی جب اچانک مگرمچھ نے اس پر حملہ کیا۔ مگرمچھ نے لڑکی کی ٹانگ کو دبوچ کر پانی کے نیچے کھینچ لیا اور اسے زور زور سے جھنجھوڑنے لگا۔ میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سمر نے بتایا: "مجھے لگا سب کچھ ختم ہو گیا ہے، لیکن میں نے فوراً مگرمچھ کے سر پر گھونسے مارنے شروع کیے۔”
سمر کے مطابق مگرمچھ نے ایک لمحے کے لیے چھوڑا، لیکن فوراً دوبارہ حملہ آور ہوا۔ اس دوران اس نے اپنی جان بچانے کے لیے ایک بار پھر بھرپور مزاحمت کی۔ جیسے ہی مگرمچھ نے گرفت ڈھیلی کی، سمر موقع دیکھ کر فوراً تیرتی ہوئی باہر نکل گئی۔ قریبی لوگوں نے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی اور سمر کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق لڑکی اب خطرے سے باہر ہے اور تیزی سے صحتیاب ہو رہی ہے۔