ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ میں پاکستان نے جس جرات اور اخلاص کے ساتھ ایران کا ساتھ دیا وہ احسان کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بات ایرانی صدر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے تہران میں ملاقات کے دوران کہی جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خیر سگالی اور احترام کا پیغام پہنچایا اور اسرائیل کے خلاف جنگ میں ایران کی کامیابی پر پاکستانی قوم کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے ایران پر کسی بھی قسم کی جارحیت کی نہ صرف کھل کر مذمت کی بلکہ ہر بین الاقوامی فورم پر ایرانی مؤقف کی حمایت کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کی عوام اور قیادت نے جس استقامت سے جارحیت کا مقابلہ کیا، وہ قابل تعریف ہے۔ ملاقات کے دوران ایرانی صدر نے پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی دنیا کو اس وقت سب سے زیادہ جس چیز کی ضرورت ہے، وہ باہمی اتحاد اور ہم آہنگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کی پالیسیوں کا مقصد ہی مسلم ممالک کے درمیان تفریق پیدا کرنا ہے، لیکن پاکستان جیسے دوست ملکوں کی حمایت نے ثابت کیا کہ اسلامی دنیا اب ایک نئی بیداری کی طرف گامزن ہے۔