نیویارک (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) امریکا کے شہر نیویارک میں ایک 61 سالہ شخص انتہائی افسوسناک حادثے کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گیا، جب وہ اپنی اہلیہ کی مدد کے لیے ایم آر آئی روم میں داخل ہوا اور گلے میں پہنی بھاری دھاتی چین کے سبب ایم آر آئی مشین میں کھنچ کر ہلاک ہو گیا۔
یہ اندوہناک واقعہ ویسٹ بری کے ناساؤ اوپن ایم آر آئی سینٹر میں پیش آیا جہاں متاثرہ شخص کیتھ کیلسٹر اپنی اہلیہ ایڈرین کیلسٹر کے ساتھ موجود تھا، جو گھٹنے کے اسکین کے لیے آئی تھیں۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، متاثرہ شخص بغیر اجازت ایم آر آئی روم میں داخل ہو گیا۔ اس دوران ایم آر آئی مشین مکمل طور پر فعال تھی، اور جونہی وہ اندر گیا، گلے میں پہنی میٹل چین انتہائی طاقتور مقناطیسی کشش کی لپیٹ میں آ گئی اور اُسے کھینچ کر مشین کی طرف لے گئی۔
خاتون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا:
"اسکین کے بعد میں نے شوہر سے مدد مانگی تاکہ مشین سے اٹھنے میں آسانی ہو۔ وہ جیسے ہی اندر آئے، ان کی دھاتی چین مشین نے کھینچ لی۔ وہاں موجود ٹیکنیشن نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن کامیاب نہ ہو سکا۔”
حادثے کے فوراً بعد کیتھ کیلسٹر کو شدید چوٹیں آئیں اور اسپتال منتقلی کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ایم آر آئی (Magnetic Resonance Imaging) مشینیں انتہائی طاقتور مقناطیسی میدان پیدا کرتی ہیں، جو انسانی جسم کے اندرونی اعضاء کی تفصیلی تصاویر لینے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ اسی وجہ سے دنیا بھر میں مریضوں کو اسکین سے پہلے دھات سے بنی اشیاء ہٹانے کی سختی سے ہدایت دی جاتی ہے، چاہے وہ زیورات ہوں، بیلٹ، گھڑیاں، یا یہاں تک کہ کپڑوں میں لگے دھاتی بٹن۔