کراچی (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری دن کا آغاز تو مثبت انداز سے ہوا، مگر دن کے اختتام تک سرمایہ کاروں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ انڈیکس نے ایک موقع پر 800 پوائنٹس سے زائد اضافہ کرتے ہوئے تاریخی سطح ایک لاکھ 40 ہزار 202 پوائنٹس کو عبور کیا، مگر یہ اضافہ دیرپا ثابت نہ ہو سکا۔
کاروباری دن کے ابتدائی لمحات میں میوچوئل فنڈز، بینکس اور انشورنس سیکٹر کی جانب سے بھرپور خریداری دیکھی گئی، جس سے انڈیکس میں تیزی آئی۔ تاہم جیسے جیسے دن گزرا، مارکیٹ غیر یقینی صورتحال اور منافع خوری کا شکار ہوتی گئی۔ مارکیٹ دن کے اختتام پر 165 پوائنٹس کمی کے ساتھ 100 انڈیکس ایک لاکھ 39 ہزار 254 پوائنٹس پر بند ہوا۔ گویا دن بھر کے جھٹکوں کے بعد سرمایہ کاروں کو ایک غیر متوقع انجام کا سامنا کرنا پڑا۔
آج مارکیٹ میں 65 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت تقریباً 32 ارب روپے رہی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سرمایہ کار سرگرم رہے، مگر اعتمادی ماحول کمزور رہا۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی 5 ارب روپے کا معمولی اضافہ دیکھا گیا، جو اب 16 ہزار 635 ارب روپے پر پہنچ گئی ہے۔