کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی شادی، پہلی تصویر سامنے آگئی
عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز کی سادگی سے منعقد ہونے والی شادی کی پہلی تصویر سامنے آگئی۔
رونالڈو اور جارجینا نے 11 اگست 2026 کو پرتگال کے علاقے کاسکائس میں واقع اپنی رہائش گاہ پر ایک نجی سول تقریب میں شادی کی، جس میں ان کے پانچ بچوں اور چند قریبی افراد نے شرکت کی۔
دنیا کے معروف جوڑوں میں شمار ہونے کے باوجود دونوں نے کسی بڑی اور پُرتعیش تقریب کے بجائے انتہائی سادہ اور نجی انداز اختیار کیا۔
شادی میں ’گوچی‘ کا خصوصی انتخاب
شادی کے موقع پر رونالڈو اور جارجینا نے معروف لگژری فیشن برانڈ گوچی کے ملبوسات کا انتخاب کیا۔ جارجینا نے روایتی عروسی گاؤن کے بجائے سفید رنگ کا نفیس سلک اسکرٹ سوٹ پہنا، جبکہ رونالڈو ہلکے خاکی رنگ کے سوٹ میں نظر آئے۔
ان کے بچوں کے ملبوسات بھی ہلکے اور ایک دوسرے سے ہم آہنگ رنگوں میں رکھے گئے تھے۔
گوچی کا انتخاب اس جوڑے کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ دونوں کی پہلی ملاقات 2016 میں میڈرڈ کے ایک گوچی اسٹور میں ہوئی تھی، جہاں جارجینا بطور سیلز اسسٹنٹ کام کرتی تھیں۔
جارجینا نے شادی کو سادہ رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ بچپن میں وہ ایک شاندار محل، بڑی بارات اور طویل عروسی لباس والی شادی کا خواب دیکھا کرتی تھیں، تاہم اب ان کی خواہش اپنے شریک حیات اور بچوں کے ساتھ گھر میں ایک مختصر اور نجی تقریب کی تھی۔
کیا رونالڈو فٹبال کو الوداع کہنے والے ہیں؟
شادی کے ساتھ ہی رونالڈو نے اپنے فٹبال کیریئر کے حوالے سے بھی اہم اشارہ دیا ہے۔ 41 سالہ اسٹار کا کہنا ہے کہ 2026-27 کا سیزن ممکنہ طور پر ان کے فٹبال کیریئر کا آخری سیزن ہوسکتا ہے۔
رونالڈو کے مطابق وہ کھیل سے رخصت ہوتے ہوئے ایک شاندار میراث چھوڑنا چاہتے ہیں، تاہم انہوں نے ابھی باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا۔












