ٹیکس قوانین میں انقلابی بہتری اور نئی صنعتی پالیسی کا عندیہ۔ تنخواہ دار طبقے کے لیے خوشخبری

اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) — وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ پر جاری بحث کو سمیٹتے ہوئے مالی سال 2025-26 کے بجٹ کو عوام دوست، متوازن اور معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے والا قرار دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت نہ صرف ٹیکس قوانین میں بنیادی اصلاحات لا رہی ہے بلکہ ایک جامع نئی صنعتی پالیسی کا جلد اعلان بھی کیا جائے گا، جس کا مقصد ملکی معیشت کو ترقی کی نئی سمت دینا ہے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجٹ میں ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دے کر ٹیکس سسٹم کو شفاف اور مؤثر بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا گیا ہے، اور 6 سے 12 لاکھ سالانہ آمدن والوں کے لیے ٹیکس کی شرح کو صرف 1 فیصد تک محدود کر دیا گیا ہے، جبکہ 32 لاکھ روپے سالانہ تک آمدن رکھنے والے افراد کے لیے بھی قابل ذکر ریلیف شامل کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے ایوان کو یقین دلایا کہ سولر انرجی کے فروغ کے لیے سولر پینلز پر جی ایس ٹی کی شرح 18 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کر دی گئی ہے تاکہ عوام کو سستی اور پائیدار توانائی میسر آ سکے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ جو دکاندار سولر پینلز کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کو ٹیکس فراڈ کے معاملات میں گرفتاری کے اختیارات کو محدود کر دیا گیا ہے۔ اب ایف بی آر صرف تین مخصوص شرائط کی موجودگی میں کارروائی کر سکے گا، اور پانچ کروڑ روپے سے کم کے کیسز میں وارنٹ کے بغیر گرفتاری ممکن نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’عوام کے استحصال کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی۔‘‘

بجٹ کے دوران اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج، شور شرابا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑنے کے باوجود محمد اورنگزیب نے حکومت کی اقتصادی حکمت عملی پر مفصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بے نظیر ہنرمند پروگرام کو مکمل وسائل فراہم کرے گی تاکہ نوجوان طبقے کو باہنر اور خود کفیل بنایا جا سکے۔ مزید برآں، چھوٹے کسانوں کے لیے 10 لاکھ روپے تک بلا ضمانت قرض اور کم آمدنی والے شہریوں کے لیے 20 سالہ رہائشی قرض اسکیم متعارف کرائی جائے گی۔ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ حکومت نے بجٹ میں ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے ہیں، اور تمام اخراجات کو محدود اور مؤثر رکھنے کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی سفارشات کو بھی بجٹ میں شامل کیا گیا ہے تاکہ جمہوری مشاورت اور پارلیمانی شمولیت کے تحت عوامی مفادات کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایوان میں ان کی تقریر کے دوران اپوزیشن کے رکن اقبال آفریدی کی جانب سے حکومتی ارکان سے ہاتھا پائی کا بھی واقعہ پیش آیا، تاہم وزیر خزانہ نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت عوامی فلاح پر مبنی پالیسیوں سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

web

Recent Posts

گاڑیوں کی تعداد میں 770 فیصد سے زائد اضافہ، فضائی آلودگی سنگین ہوگئی

گاڑیوں کی تعداد میں 770 فیصد سے زائد اضافہ، فضائی آلودگی سنگین ہوگئی اسلام آباد: پاکستان میں گاڑیوں کی تعداد…

2 دن ago

سوات میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک

سوات میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک سوات: محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور…

2 دن ago

پشاور میں اسکول منہدم، مالک نے حادثے کی وجہ بارشیں قرار دے دی

پشاور میں اسکول منہدم، مالک نے حادثے کی وجہ بارشیں قرار دے دی پشاور: منہدم ہونے والے نجی اسکول کے…

2 دن ago

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کی توثیق ایوان کا اختیار ہے: اعظم نذیر تارڑ

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کی توثیق ایوان کا اختیار ہے: اعظم نذیر تارڑ اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون…

2 دن ago

خیبرپختونخوا کے محکمہ معدنیات میں 16 ارب 94 کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں

خیبرپختونخوا کے محکمہ معدنیات میں 16 ارب 94 کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں اسلام آباد: آڈیٹر جنرل پاکستان کی آڈٹ…

2 دن ago

لاہور میں آوارہ کتے کا میو اسپتال کے ڈاکٹر پر حملہ، ٹانگ پر 2 زخم

  لاہور کے اقبال ٹاؤن میں آوارہ کتے نے حملہ کرکے میو اسپتال کے ڈاکٹر نعمان کو زخمی کردیا۔ ترجمان…

1 ہفتہ ago