چیف جسٹس کی زیر صدارت نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کا اجلاس، اعلامیہ جاری
سٹی 42: چیف جسٹس کی زیر صدارت نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی نے 14 لاکھ 67 ہزار 675 ٹائم باؤنڈ کیسز نمٹانے پر ضلعی عدلیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ یکم ستمبر 2025 سے 31 جولائی 2026 تک 14 لاکھ 67 ہزار 675 ٹائم باؤنڈ مقدمات کے فیصلے ہوئے، جبکہ ٹائم باؤنڈ کیسز کی زیرالتوا تعداد 12 لاکھ 27 ہزار 657 تھی۔
کمیٹی نے انصاف تک رسائی تیز کرنے، عدالتی استعداد بڑھانے اور مؤثر انصاف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ جبری گمشدگیوں کے مقدمات کے لیے ازالے کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا اور وزارت قانون کو معاملہ جلد حتمی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ کمیٹی نے جبری گمشدگیوں کے معاملے پر وزارت قانون کو آئندہ اجلاس میں جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں قومی عدالتی اصلاحاتی فریم ورک کا مسودہ ہائیکورٹس کو جائزے کے لیے بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی نے ہائیکورٹس کو قومی عدالتی اصلاحاتی فریم ورک پر تجاویز 10 روز میں دینے کی ہدایت کردی۔
اعلامیے کے مطابق رول آف لا ٹریکر کو تمام عدالتی سطحوں پر 15 مارچ 2027 تک مکمل فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انصاف کے شعبے کے لیے میڈیا اور اسٹریٹجک کمیونیکیشن سیل فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ عدالتی ڈیٹا کے اجرا کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کمیٹی نے پاکستان کی عدالتوں کے لیے قومی یکساں ای فائلنگ اور الیکٹرانک جوڈیشل ریکارڈ سسٹم کی اصولی منظوری دے دی۔ قومی ای فائلنگ نظام کے پائلٹ مرحلے میں بار کونسلز کو ہر مرحلے پر شامل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ای فائلنگ سسٹم کا پائلٹ منصوبہ منتخب اسٹیشنز پر فیملی کیسز سے شروع کیا جائے گا، جس میں فیملی کورٹ، ڈسٹرکٹ کورٹ، ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ شامل ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق چیف جسٹسز کو عدالتی کارکردگی پر ماہانہ بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ماڈل کریمنل کورٹس نے 11 ماہ میں 91 ہزار 71 مقدمات کے فیصلے کیے، جبکہ ماڈل سول کورٹس نے اسی عرصے میں 42 ہزار 386 مقدمات کے فیصلے کیے۔
کمیٹی نے ضلعی عدلیہ کے جوڈیشل افسران اور عملے کے لیے ہیلتھ انشورنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا۔ تمام ہائیکورٹس کو لاہور ہائیکورٹ کی منظور شدہ ہیلتھ انشورنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں جوڈیشل سروس کا قانونی فریم ورک بلوچستان ڈسٹرکٹ جوڈیشری ایکٹ 2021 کی طرز پر بنانے کی تجویز بھی دی گئی۔













