ڈارون ٹیسٹ: بنگلادیش کی آسٹریلیا کے خلاف پوزیشن مضبوط
ڈارون ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلادیش نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی۔ دن کے اختتام پر بنگلادیش نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنالیے اور پہلی اننگز میں 153 رنز کی اہم برتری حاصل کرلی۔
بنگلادیش کی جانب سے اوپنر تنزید حسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی۔ صرف دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے تنزید حسن نے تقریباً پانچ گھنٹے کریز پر قیام کیا اور 197 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری مکمل کی۔
تنزید حسن نے مومن الحق کے ساتھ دوسری وکٹ پر 102 رنز کی شراکت قائم کی، جبکہ کپتان نجم الحسن شانتو کے ساتھ بھی 93 رنز جوڑے۔ شانتو 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا نے نئی گیند سے تین وکٹیں جلد حاصل کرکے میچ میں واپسی کی کوشش کی، تاہم مہدی حسن میراز اور حسن محمود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ کے لیے ناقابل شکست 43 رنز کی شراکت قائم کرلی۔
دن کے اختتام پر بنگلادیش کی پوزیشن مضبوط دکھائی دے رہی ہے اور اس کی نظریں آسٹریلیا کے خلاف برتری مزید بڑھانے پر ہیں۔













