اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے ری پلیسمنٹ ڈرافٹ کا انعقاد ورچوئل سیشن کے ذریعے کیا گیا، جس میں مختلف فرنچائزز نے عدم دستیاب کھلاڑیوں کی جگہ نئے کرکٹرز کو اسکواڈ میں شامل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں کاربن بوش کی جگہ جارج لینڈے کو منتخب کیا، جبکہ گولڈ کیٹیگری میں ناہید رانا کی جگہ کو خالی رکھا گیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے جنوبی افریقی بیٹر رسی وین ڈر ڈوسن کی عدم دستیابی کے باعث آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹر الیکس کیری کو اسکواڈ میں شامل کرلیا۔ کراچی کنگز نے سلور کیٹیگری میں بنگلہ دیشی اوپنر لٹن داس کو ٹیم میں شامل کیا، جبکہ کین ولیمسن کی جگہ کو فی الحال ریزرو رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مارک چیپمین کی جگہ کو ریزرو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا اور ٹورنامنٹ کے تمام میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ فائنل 18 مئی کو شیڈول ہے۔