یوٹیوب نے اپنے کروڑوں صارفین کو حیرت میں ڈالنے والا فیصلہ کرتے ہوئے برسوں پرانے فیچر "ٹرینڈنگ پیج” کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اب اس کی جگہ "یوٹیوب چارٹس” لے گا جس میں ویڈیوز کو مخصوص کیٹیگریز میں تقسیم کر کے پیش کیا جائے گا، تاکہ صارفین اپنی دلچسپی کے مواد تک زیادہ مؤثر طریقے سے رسائی حاصل کر سکیں۔
یوٹیوب نے 2015 میں ٹرینڈنگ پیج کو اس مقصد کے تحت متعارف کرایا تھا کہ وائرل اور مقبول ویڈیوز کو ایک جگہ دکھا کر صارفین کو فوری اندازہ ہو کہ دنیا بھر میں کونسا مواد سب سے زیادہ دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یوٹیوب پر مواد کی اقسام اور صارفین کی ترجیحات میں اتنا تنوع آ چکا ہے کہ کمپنی کے مطابق اب ایک پیج پر تمام اقسام کے وائرل مواد کو جمع کرنا ممکن نہیں رہا۔
نئے یوٹیوب چارٹس کے تحت صارفین کو مختلف زمروں میں ٹرینڈنگ مواد دکھایا جائے گا جیسے ٹرینڈنگ میوزک ویڈیوز، ٹاپ آرٹسٹ، فلموں کے ٹریلرز اور دیگر زمرے، جن کی تعداد آئندہ مزید بڑھائی جائے گی۔ یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد ناظرین کے لیے زیادہ واضح اور مفید ٹرینڈنگ انفارمیشن فراہم کرنا ہے، تاکہ انہیں وہ ویڈیوز مل سکیں جو واقعی ان کی دلچسپی کا مرکز ہیں۔ یوٹیوب کی جانب سے جاری کردہ بلاگ پوسٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ اب کمپنی مختلف جدید ٹولز کی مدد سے یہ تعین کرے گی کہ کونسا مواد صارفین میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور کس نوعیت کی ویڈیوز کو زیادہ پذیرائی مل رہی ہے۔ اسی بنیاد پر ٹرینڈنگ مواد کو مختلف کیٹیگریز میں ترتیب دے کر پیش کیا جائے گا۔
یوٹیوب نے تسلیم کیا ہے کہ آج کل بہت کم لوگ ٹرینڈنگ پیج کو دیکھنے کے لیے جاتے ہیں، کیونکہ انہیں اپنی پسند کی ویڈیوز یوٹیوب کے ہوم پیج یا دیگر ریکومینڈیشنز میں ہی دستیاب ہو جاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس پرانی روایت کو ختم کر کے ایک نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق ان تبدیلیوں پر عمل درآمد آئندہ چند ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد "ٹرینڈنگ پیج” مکمل طور پر ختم ہو جائے گا اور اس کی جگہ نیا یوٹیوب چارٹس ماڈل متحرک کر دیا جائے گا۔