اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز) – گزشتہ ماہ بھارت کے ساتھ ہونے والے فضائی تصادم میں پاکستان ایئر فورس کی جانب سے مار گرائے گئے بھارتی طیاروں کے پائلٹس کی تفصیلات منظرِ عام پر آ گئیں ہیں۔ معروف صحافی اور اینکر پرسن شہزاد اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ تباہ شدہ بھارتی جنگی جہازوں کے دو پائلٹس ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے تھے، جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
شہزاد اقبال نے یہ انکشاف جیو نیوز کے پوڈکاسٹ میں میزبان مبشر ہاشمی کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معلومات پاکستان ایئر فورس کو زمینی سطح پر کام کرنے والی انٹیلیجنس ایجنسیوں کے ذریعے حاصل ہوئیں اور متعدد ذرائع سے تصدیق کے بعد ان پر اطمینان حاصل کیا گیا۔
پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران شہزاد اقبال نے مزید بتایا کہ انہوں نے ایئر فورس حکام سے یہ سوال بھی کیا کہ پاکستان کے 9 بلین ڈالر کے دفاعی بجٹ کے مقابلے میں بھارت کا بجٹ 86 بلین ڈالر ہونے کے باوجود پاکستان کیسے برتری حاصل کر پایا؟ اس پر ایئر فورس حکام کا جواب تھا کہ "پاکستانی دفاعی نظام بھارت سے کہیں زیادہ جدید اور مؤثر ہے، اور حالیہ فضائی جھڑپ نے اس کی بھرپور عکاسی کی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اس معرکے کے دوران پاکستان کے 40 طیارے بھارت کے 80 طیاروں کے مقابل تھے، لیکن حیران کن طور پر پاکستان کا کوئی طیارہ نہ صرف محفوظ رہا بلکہ بھارتی فضائیہ کسی پاکستانی جہاز کو لاک بھی نہ کر سکی، نہ ہی کوئی میزائل فائر کیا جا سکا۔ اس کے برعکس پاکستان نے بھارتی رافیل سمیت کئی جنگی طیارے مار گرائے۔ یہ انکشافات پاکستانی فضائیہ کی اعلیٰ صلاحیتوں، تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے عملی ثبوت کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں، جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود ایک بڑی طاقت کے خلاف کامیابی حاصل کی۔